سٹینڈ سٹل ا گریمنٹ واقعی ہوا تھا ؟ ریاستوں کی کہانی کا نیا موڑ۔ بیرسٹر حمید باشانی
گزشتہ دنوں ان ہی سطور میں عرض کیا تھا کہ برصغیر کی آزادی اور تقسیم کے وقت ہندوستان اور پاکستان دونوں ریاست جموں کشمیر کو اپنے اپنے ساتھ میں ضم کرنے کے لئے کوشاں تھے، لیکن مہاراجہ ہری سنگھ اس وقت تک دونوں میں سے کسی کی بھی الحاق کے لیے تیار نہیں تھے۔
دوسری طرف انگریزوں نے انیس سو سنتالیس کے قانون آزادی ہند میں برصغیر سے انگریزوں کے انخلا کی قانونی بنیاد واضح کر دی تھی ، اور اس قانون میں برصغیر کی تقسیم کی ضمانت بھی دے دی تھی۔ اقتدار کی منتقلی کو ہموار بنانے کے لیے، برطانوی ہندوستان کی حکومت نے تین جون انیس سو سنتالیس کو ایک معاہدہ قائمہ یعنی” سٹینڈ سٹل ایگرمینٹ “تیار کیا تھا، تاکہ وہ تمام انتظامی انتظامات جو برطانوی حکومت اور شاہی ریاستوں کے درمیان پہلے سے موجود تھے، وہ ہندوستان ، پاکستان اور شاہی ریاستوں کے درمیان بغیر کسی تبدیلی کے اس وقت تک جاری رہیں، جب تک ان کے درمیان نئے انتظامات نہ ہو جائیں۔ سٹینڈ اسٹل اگریمنٹ کا مسودہ 3 جون 1947 کو برطانوی ہندوستانی حکومت کے پولٹیکل ڈیپارٹمنٹ نے تیار کیا تھا۔ معاہدے میں یہ شرط فراہم کی گئی تھی کہ برطانوی ولی عہد اور کسی خاص دستخط کنندہ ریاست کے درمیان موجود تمام انتظامات ہندوستان، پاکستان اور ریاست کے درمیان اس وقت تک جوں کے توں رہیں گے، جب تک کہ ان کے درمیان نئے انتظامات نہیں کیے جاتے۔ ایک الگ شیڈول میں مشترکہ تشویش کے معاملات اور انتظامات کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاستوں کا پاکستان یا بھارت کے ساتھ الحاق یا انضمام کا معاہدہ یعنی “انسٹرومنٹ آف اکسیشن “کا مسودہ بھی تیار کیا گیا، جو ان ریاستوں کے لیے تھا، جو ان دو ممالک میں سے کسی ایک کے ساتھ الحاق کے لیے تیار تھیں، یا مستقبل میں ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔
دونوں معاہدوں کا مسودہ 25 جولائی کو چیمبر آف پرنسز میں پیش کیا گیا۔ ان معاہدوں پر بات چیت کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی بنائی گئی تھی، جس میں ریاستوں کے حکمران اور حکومت کے وزراء شامل تھے۔ بحث کے بعد، کمیٹی نے 31 جولائی کو دونوں معاہدوں کے مسودہ کو حتمی شکل دے دی ۔
اس وقت تک کئی ایک ریاستیں اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کر چکی تھیں، لیکن کچھ شاہی ریاستیں اس وقت الحاق یا انضمام کے لیے تیار نہیں تھی۔ ان شاہی ریاستوں کے حکم رانوں نے یہ کہہ کر وقت خریدنے کی کوشش کی کہ وہ اسٹینڈ اسٹل معاہدے پر دستخط کریں گے، لیکن انسٹرومنٹ آف ایکشن پر نہیں ، کیوں کہ ان کو یہ فیصلہ کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ اس کے جواب میں، ہندوستان کی برطانوی حکومت نے موقف اختیار کیا کہ وہ صرف ان ریاستوں کے ساتھ سٹینڈ سٹل کے معاہدوں پر دستخط کرے گی، جنہوں نے اسے تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اور وہ اس پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پندرہ اگست انیس سو سینتالیس تک، مقررہ ڈیڈ لائن اور ہندوستان کی آزادی کے دن، ہندوستان کے اندر چار شاہی ریاستوں کو چھوڑ کر، ان میں سے تقریباً 560 نے ہندوستان کے ساتھ الحاق اور اسٹینڈ اسٹل معاہدے دونوں پر دستخط کر دیے تھے۔ ریاست حیدر آباد نے دو ماہ کی مدت کے لیے توسیع حاصل کی تھی ۔ ریاست جوناگڑھ نے 15 اگست کو پاکستان کے ساتھ الحاق کے معاہدے کے ساتھ ساتھ اسٹینڈ اسٹل معاہدے کی پیشکش کی۔ اسے پاکستان نے 13 ستمبر کو قبول کیا تھا۔ ریاست قلات نے بھی پاکستان کے ساتھ سٹینڈ اسٹل معاہدہ کیا۔ دوسری طرف ریاست جموں کشمیر کے حکمران مہاراجہ ہری سنگھ نے بھی اس وقت تک ہندوستان اور پاکستان میں سے کسی کے ساتھ الحاق یا انضمام کا فیصلہ نہیں کیا تھا۔ وہ ریاست کے کسی ایک ملک سے الحاق کے بجائے ریاست کی پوزیشن کو جوں کا توں رکھنے کا حامی تھا، اور پاکستان اور بھارت کے ساتھ سٹینڈ اسٹل اگریمنٹ کرنے کا خواہشمند تھا۔ مہاراجہ کا وزیر اعظم پنڈت رام چندرہ کاک اس پوری کہانی کا اہم ترین کردار تھا، جو تیس جون انیس سو پینتالیس سے لیکر گیارہ اگست انیس سو سینتالیس تک ریاست کا وزیر اعظم رہا تھا، اور ریاست و خود مختار رکھنے کا خواہشمند تھا۔ برٹش لائبریری لندن کے اورینٹل اور انڈیا آفس کی دستاویزات میں اس کے نوٹس محفوظ ہیں، جس میں اس نے ان دنوں کی روداد بیان کی ہے، اور تاریخ کے تاریک گوشوں سے پردہ اٹھایا ہے، جو اس باب میں انتہائی اہم حیثیت رکھتے ہیں۔ ریاست جموں کشمیر کی یہ صورتحال گیارہ اگست تک برقرار رہی۔ گیارہ اگست کو وزیر اعظم پنڈت کاک کو برطرف کر دیا گیا، اور اس کی جگہ جنک سنگھ کو ریاست جموں و کشمیر کا نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا گیا۔
اگلے دن بارہ اگست انیس سو سنتالیس کو، ریاست جموں و کشمیر کے وزہر اعظم جنک سنگھ نے ایک ٹیلی گراہم کے زریعیے ہندوستان اور پاکستان دونوں کے ساتھ سٹیند سٹل معاہدہ کرنے کی پیشکش کی، جس میں کہا گیا: “جموں اور کشمیر کی حکومت یونین آف انڈیا اورپاکستان کے ساتھ ان تمام معاملات پر سٹیند سٹل معاہدے کا خیرمقدم کرے گی۔ جن پر برطانوی حکومت کے ساتھ انتظامات موجود ہیں۔ پاکستان نے ریاست جموں کشمیر کی اس پیشکش کو فورا قبول کر لیا، اور 15 اگست 1947 کو جموں و کشمیر کے وزیر اعظم جنک سنگھ کو ایک تار بھیج کر اس معائدے کو قبول کرنے کی تصدیق کی۔ تاہم، بھارت نے معاہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا ، اور پیشکش کے جواب میں مہاراجہ سے مزید بات چیت کے لیے اپنا نمائندہ دہلی بھیجنے کو کہا۔ “حکومت ہند کو خوشی ہوگی کہ اگر آپ یا کوئی اور وزیر جو اس سلسلے میں باضابطہ طور پر مجاز ہو وہ کشمیر حکومت اور ہندوستان کے درمیان سٹینڈ اسٹل کے معاہدے پر بات چیت کے لئے دہلی آ سکتے ہیں۔ موجودہ معاہدوں اور انتظامی انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے ابتدائی کارروائی ضروری ہے” لیکن جموں و کشمیر کے کسی نمائندے نے مذاکرات کے لیے دہلی کا دورہ نہیں کیا۔
سٹینڈ اسٹل اگریمنٹ کے باب میں مختلف تاریخی روایات موجود ہیں۔ کچھ مستند تاریخی دانوں نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ سٹینڈ سٹل اگریمنٹ پر با ضابطہ دستخط نہیں ہوئے تھے، بلکہ اس معاہدے کی پیشکش بذریعہ ٹیلی گرام کی گئی تھی، اور ٹیلی گراہم کے ذریعے ہی اس کو قبول کیا گیا تھا۔ کرسٹوفر برڈ ووڈ نے اپنی کتاب” دو قومیں اور کشمیر” میں لکھا ہے کہ کسی رسمی معاہدے پر کبھی دستخط نہیں ہوئیے۔ یہ ایک ٹیلی گرافک معاہدہ تھا۔ تاہم، حکومت پاکستان نے بعد میں اس ٹیلی گرافک معاہدے کو ریاست کے ساتھ تعلقات میں سابقہبرطانوی ہندوستانی حکومت کا درجہ دینے سے تعبیر کیا۔ حکومت ہند نے ریاست کے اس ارادے کا خیر مقدم کیا اور ایک وزارتی نمائندے کو معاہدے پر بات چیت کے لیے دہلی بھیجنے کی درخواست کی، لیکن ریاست کی طرف سے اس کی پیروی نہیں کی گئی۔
ٹیلی گرافک معاہدے نے حکومت پاکستان کو پابند کیا کہ وہ مواصلات، رسد اور ڈاک اور ٹیلی گرافک خدمات کے حوالے سے موجودہ انتظامی انتظامات کو جاری رکھے۔ ریاست کی ڈاک اور ٹیلی گرافک خدمات، جو پہلے لاہور میں واقع پنجاب کی صوبائی خدمات کا حصہ تھیں، کو پاکستان نے سنبھال لیا تھا۔ 15 اگست کو کشمیر میں بیشتر ڈاک خانوں پر پاکستانی پرچم لہرائیے گتے، لیکن مہاراجہ ہر سنگھ کی حکومت نے یہ پرچم اتارنے کا حکم دے دیا۔ اس طرح سٹینڈ اسٹل اگریمنٹ کے باوجود مہاراجہ ہری سنگھ کی حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان غلط فہمیوں کا آغاز ہوا، جو آگے چل کر سنگین صورت اختیار کرتی چلی گئیں۔ اگے چل کر واقعات نے کیا رخ اختیار کیا ؟ اس کا احاطہ آئندہ کسی کالم میں کیا جائے گا۔
Related News
پالستانی مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کے انمول رتن سردار انور
Spread the loveپالستانی مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کے انمول رتن جو آپس میں کسی باتRead More
اکتوبر 47 ، تاریخ اور موجودہ تحریک تحریر : اسدنواز
Spread the loveتاریخ کی کتابوں اور اس عمل میں شامل کرداروں کے بیان کردہ حقائقRead More