Main Menu

کورونا وائرس کی وجہ سے 9 سال پرانی فلم کی مقبولیت میں اضافہ

Spread the love

ہالی وڈ کی 9 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’کونٹیجن‘ نے ریلیز کے وقت باکس آفس پر 60 ملین ڈالرز کمائی کی تھی لیکن اب 2020 میں جان لیوا کورونا وائرس کے پیشِ نظر فلم کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اسٹیوین سوڈربرگ کی ہدایت کاری میں بننے والی ہالی وڈ فلم ’کونٹیجن‘ کی 2020 میں مقبولیت کی وجہ کووڈ 19 یعنی کورونا وائرس ہے کیونکہ اس فلم کی کہانی افسانوی بیماری ’ایم ای وی-1‘ پر مبنی ہے جو کہ ایشیا سے پھیلنے کے بعد دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی ہلاکتوں کی وجہ بنی۔

’ وارنر بروس‘ کی 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم اب 2020 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

لوگوں کو اس فلم میں افسانوی اور حقیقی بیماری میں کافی حد تک مماثلت نظر آئی اور یہی وجہ ہے کہ 9 سال بعد دوبارہ اس فلم کو بے شمار لوگوں کی جانب سے دیکھا جانے لگا۔

فلم ’کونٹیجن‘ ریلیز کے 9 سال بعد آئی ٹیونز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ ایمازون پرائم کے چارٹ میں بھی سب سے اوپر ہے۔

ہالی وڈ کی اس فلم میں دکھائی جانے والی افسانوی بیماری حقیقی کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک وبا دکھائی گئی ہے۔

اس حوالے سے فلم کے پروڈیوسر مائیکل شیمبرگ کا کہنا ہے کہ ’ہم لوگوں کو ڈرانا نہیں چاہتے کہ وہ سب مرنے والے ہیں‘۔

فلم کے پروڈیوسر نے مزید کہا کہ ’اگر یہ ڈرؤانی ہے تو اس کا صرف یہ مقصد ہے کہ لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے ڈرانا ہے‘۔

واضح رہے کہ فلم کی کہانی میں ایک ایسی خاتون کو دکھایا گیا ہے جو کہ ہانگ کانگ سے واپس آنے کے بعد مر جاتی ہیں اور ان کی مرنے کی وجہ ایک ایسی بیماری ہوتی ہے جس سے انسان نا واقف ہوتے ہیں۔

علاوہ ازیں فلم میں دکھایا گیا ہے کہ مرنے والی خاتون کے شوہر کو بھی کچھ دن بعد ایسی ہی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے بعد اس افسانوی وبا کیخلاف جنگ کا آغاز ہوتا ہے۔

فلم ’کونٹیجن‘ میں محققین اس افسانوی وبا کے خلاف ویکسین تیار کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے تھے۔

کورونا وائرس صورتحال

واضح رہے کہ چین میں جان لیوا کورونا ائرس سے مزید 32 افراد کی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جب کہ امریکا میں بھی اموات کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس دنیا کے 84 ملکوں تک پھیل گیا ہے اور دنیا بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 285 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 95 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ 51 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *