Main Menu

ہمیں اپنے ‏فاسٹ بولرز کی حفاظت کرنا ہو گی: اظہر محمود

Spread the love

سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر اور پی ایس ایل فائیو میں ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہر دور میں فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں، پاکستان کی سرزمین کی خوبصورتی یہی ہے کہ یہاں سے باصلاحیت بولرز سامنے آئے ہیں۔

سابق بولنگ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر محمود کا کہنا ہے کہ بس ان فاست بولرز کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔

‏اظہر محمود کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ اور محمد موسیٰ خان ان کے دور میں بھی تھے، ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی ملا تھا، عاکف جاوید کو پہلی مرتبہ دیکھنے کا اتفاق ہوا ہے، یہ سب نوجوان فاسٹ بولرز بہت اچھے ہیں، ان میں انرجی ہے اور صلاحیت بھی ہے، بس ان کی حفاظت کرنا ہو گی، انہیں گروم کرنے اور ان پر توجہ دینا ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ان بولروں کو اچھے طریقے سے استعمال کرنا چاہیے، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ اب نسیم شاہ آگیا ہے تو عثمان شنواری کو بھول جائیں، یا دوسرے بولروں کو بھول جائیں، سب کو ساتھ لیکر چلیں اور انہیں تینوں فارمیٹ کی ضرورت کے مطابق موقع دیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی وہاب ریاض اور محمد عامر نے ریڈ بال کرکٹ چھوڑ دی ہے تو ایسے میں پیچھے نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ تیار رہنا چاہیے کہ کس کو موقع دینا ہے کیونکہ نوجوان فاسٹ بولروں کا مستقبل روشن ہے، یہ نوجوان فاسٹ بولرز 10 سے 15 برس تک خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

‏اظہر محمود نے کہا کہ پی ایس ایل میں تمام ٹیمیں متوازن ہیں، پی ایس ایل کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور ان میں شاندار کھلاڑی شامل ہیں، لاہور قلندرز کی ٹیم نہیں جیت رہی تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ کمزور ہے، ایک میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے دو سو سے زائد رنز کیے ہیں، ان میں ایسے بیٹسمین اور بولرز ہیں جو کسی بھی وقت ٹیم کو کامیابی دلا سکتے ہیں، لاہور قلندرز کو آسان نہیں لے سکتے۔

ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ کل کھیلا جائے گا۔

‏اظہر محمود کا کہنا ہے کہ اگلے نو روز میں ملتان سلطانز نے پانچ میچز کھیلنے ہیں، کوشش ہو گی کہ اب کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے جو پہلے کھیلے نہیں ہیں اور تازہ دم ہیں، ہمیں کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنے اور ٹاپ پر رہنے کے لیے مزید اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی چیزوں کو اب تک بہتر بنایا ہے اور اب اسے مزید بہتر بنانے میں کامیاب رہے تو یقینا آئندہ میچز میں بھی ہماری کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ بوم بوم شاہد آفریدی کے بڑے فین ہیں، کہتے ہیں کہ لالہ فل آف انٹرٹیمنٹ ہیں، ان کی بولنگ اچھی جا رہی ہے، مجھے یقین ہے کہ کہ وہ بیٹنگ میں بھی جلوہ دکھائیں گے۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *